Lashkar Newspaper

kutub_khana.gif

Home
URDU LASHKAR
KUTUB KHANA
Indian Cities
Personality
Corporate News
Views
Kids
Profile
Nation
International
Contact Us
Our Location

Kutub Khana کتب خانہ

سارے جہاں‌میں‌دھوم ہماری زباں کی ہے

   اردو جس نے دنیا کو  رومان جد و جہد، انقلاب اورذہنی تسکین مہیا کرائی،آج اس زبان کا حال بد تر ہے۔
اردو کی وہ تاریخی کتابیں جن کو پڑھ کر ہماری نسلیں بالغ ہوئیں اب عنقا ہوتی جا رہی ہیں۔ زہر عشق،امراو جان ادا،طلسم ہوش ربا اور لا تعداد ایسے تخلیقی شاہکار نئی نسل کی نظروں سے اوجھل ہو چکے ہیں۔ہمار کوشش ہے کہ اردو کی  تاریخی ،ادبی و سماجی کے علاوہ دور جدید کے تقاضون کو پورا کرنے والی کتبکو انتر نیٹ کی زینت بنایا جائے۔ آپ سے التماس ہے کہ ان نادر ونایاب کتابوں کی زیراکس(فوٹو کاپی) یا ہم کو ای میل سے روانہ فرما دیں‌تاکہ وقت کے ساتھ  تلف ہو رہے اس ادبی ورثہ کو محفوظ رکھا جا سکے۔
اردو کتب کی حصولیابی کے سلسلہ میں ہم آپ کی رہنمائی بھی کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار

آپ کی کتاب کی مشتہری اور اس پر تبصرے کے لئے بھی ہمارے کالم  موجود ہیں۔
ہیںیاد رکھئے ہمارا ای میل پتہ lashkar.akhbar@gmail.com

اقوال حکمت

مصنف: مولانا وحید الدین خان
صفحات:
196
قیمت: 30
روپے

سائنسی ترقی کے باعث بے شمار چیزیں وجود میں آچکی ہیں۔ ان چیزوں کا اصل مقصد تو انسان کی زندگی کو آسان بنانا ہے مگر یہ چیزیں دنیوی رتبے کا معیار بھی بن گئی ہیں۔ چنانچہ انسان شب و روز انھی چیزوں کو حاصل کرنے کے لیے سرگرداں رہتا ہے اور یہ بھول جاتا ہے کہ ایک اور دنیا بھی ہے جس میں ایک دن اس نے منتقل ہونا ہے اور اس دنیا میں بھی انسانوں کے کچھ رتبے ہیں جنھیں حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

ایسے لوگوں کا یہ مسئلہ ہوتا ہے کہ وہ دین و دانش کی باتوں کے لیے وقت نہیں نکال پاتے یا بہت کم وقت نکال پاتے ہیں۔ مولانا وحید الدین خان عصر حاضر کے تقاضوں اور مسائل سے خوب واقف ہیں۔ کم سے کم الفاظ میں دوسروں تک اپنی بات پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ چونکہ مولانا دریا کو کوزے میں بند کرنے کا فن بہت اچھی طرح جانتے ہیں اس لیے وہ اپنی اس کوشش میں پوری طرح کامیاب ہو جاتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب میں وہ اپنے اس فن کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

عالم کا پروردگار مایوسی کو کفر قرار دیتا ہے۔ اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ مایوس لوگوں کے دلوں میں امید پیدا کرتی ہے۔ گرے ہوئے لوگوں کو اٹھانے کا باعث بنتی ہے۔ بالفاظ دیگر یہ کتاب کسی خزاں رسیدہ شاخ پر پھوٹتی ہوئی کونپل کی طرف دیکھنے کا پیغام دیتی ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کتاب دین و دانش کے فروغ کے لیے بلا تامل دوسروں کو دے سکتے ہیں۔

"اقوال حکمت" ایک جیبی سائز کتاب ہے۔ کتابت، طباعت اور کاغذ عمدہ ہے۔ پروف ریڈنگ معیاری اور ٹائٹل سادہ مگر پر وقار ہے۔

ذیل میں اس کتاب کے چند اقوال پیش کیے جاتے ہیں:

"جو شخص اپنے آپ پر فتح حاصل کر لے اس کے لیے دوسروں پر فتح حاصل کرنا کچھ مشکل نہیں ہے۔" ۔۔۔۔ "منفی نفسیات میں جینے والا انسان تاریخ کا معمول ہوتا ہے اور ایجابی نفسیات میں جینے والا انسان تاریخ کا عامل ہوتا ہے۔" ۔۔۔۔ "اپنے حق سے زیادہ چاہنا اپنے آپ کو اپنے واقعی حق سے محروم کر لینا ہے۔"۔۔۔۔ "سب کچھ کھونے کے بعد بھی اگر آپ کے اندر حوصلہ باقی ہے تو سمجھ لیجیے کہ ابھی آپ نے کچھ نہیں کھویا۔" ۔۔۔۔ "ہر آدمی اپنے گزشتہ کل کو کھو چکا ہے کامیاب وہ ہے جو اپنے آج کو نہ کھوئے۔" ۔۔۔۔ "میں نے وقت کو برباد کیا تھا اب وقت خود مجھے برباد کر رہا ہے۔" ۔۔۔۔ "مواقع نکل جاتے ہیں مگر ۔۔۔۔ مواقع ختم نہیں ہوتے۔" ۔۔۔۔ "نہ گرنا کمال نہیں، کمال یہ ہے کہ تم گرو اور پھر ازسر نو اٹھ کر کھڑے ہو جاؤ۔" ۔۔۔۔ "جلدی نہ کرو کیوں کہ تم جتنی جلدی کرو گے اتنی ہی زیادہ دیر لگے گی۔" ۔۔۔۔ "تدبیری واپسی منصوبہ بند اقدام کا پہلا مرحلہ ہے۔"۔۔۔۔ "عقل مند وہ ہے جو دوسروں کی غلطیوں کو بھول جائے اور اپنی غلطیوں کو ہمیشہ یاد رکھے۔" ۔۔۔۔ "ناکافی تیاری کے ساتھ کیا ہوا اقدام مسئلہ کو پہلے سے زیادہ سخت بنا دیتا ہے۔" ۔۔۔۔ "تجربہ وہ ہے جو دوسروں سے سیکھا جائے کیوں کہ اپنا تجربہ تو ہمیشہ نقصان کی قیمت پر حاصل ہوتا ہے۔" ۔۔۔۔ "کوئی بڑا کام صرف وہ شخص کرتا ہے جو اپنے آپ کو چھوٹا کام کرنے پر راضی کر لے۔" ۔۔۔۔ "جو لوگ چھوٹی چیزوں میں الجھے ہوئے ہوں وہ صرف اس بات کا ثبوت دیتے ہیں کہ وہ اپنی زندگی میں کوئی بڑی چیز نہ پا سکے۔" ۔۔۔۔ "کبھی جاننا اس کا نام ہوتا ہے کہ آدمی یہ کہہ دے کہ میں نہیں جانتا۔" ۔۔۔۔ "خربوزہ اگر چھری سے ٹکرائے تو یہ خود کشی کا فعل ہوگا نہ کہ کوئی مجاہدانہ اقدام۔"۔۔۔۔ "لوگ صرف یہ جانتے ہیں کہ ان کو کیا بولنا ہے مگر عقل مند آدمی وہ ہے جو یہ بھی جانے کہ اس کو کیا بولنا ہے۔" ۔۔۔۔ "عقل مند آدمی ہر چیز کی امید اپنے آپ سے کرتا ہے اور بے وقوف آدمی ہر چیز کی امید دوسروں سے۔" ۔۔۔۔ "اگر آپ عمل میں کم ہوں تو زیادہ الفاظ بول کر آپ اس کی تلافی نہیں کر سکتے۔" ۔۔۔۔ "بعض حالات میں عمل کرنا یہ ہوتا ہے کہ آدمی کوئی عمل ہی نہ کرے۔" ۔۔۔۔ "محرومی آپ کے لیے ترقی کا زینہ ہے اگر وہ آپ کی دبی ہوئی قوتوں کو جگانے والی ثابت ہو۔" ۔۔۔۔ "انتقام لینے سے پہلے سوچ لو کہ انتقام کا بھی انتقام لیا جائے گا۔" ۔۔۔۔ "اگر آپ دنیا میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو پہلے ناکامی کا استقبال کرنے کا حوصلہ پیدا کیجیے۔" ۔۔۔۔ "مشکل ایسا عذر ہے جس کو تاریخ کبھی قبول نہیں کرتی۔" ۔۔۔۔ "صبر بے عملی نہیں صبر منصوبہ بند عمل کا دوسرا نام ہے۔" ۔۔۔۔ "پانے کے لیے ہمیشہ کھونا پڑتا ہے لوگ کھونے کے لیے تیار نہیں ہوتے اس لیے اکثر لوگ پانے والے بھی نہیں بنتے۔" ۔۔۔۔ "برداشت بزدلی نہیں برداشت زندگی کا ایک اصول ہے۔" ۔۔۔۔ "کامیابی کا راز یہ ہے کہ آدمی اپنی ناکامی کے راز کو جان لے۔" ۔۔۔۔ "ناکامی کے اسباب ہمیشہ آدمی کے اپنے اندر ہوتے ہیں مگر اکثر وہ ان کو دوسروں کے اندر تلاش کرنے لگتا ہے۔" ۔۔۔۔ "دوسروں کی شکایت کرنا اکثر حالات میں صرف اپنی نا اہلی کا اعتراف ہوتا ہے۔"۔۔۔۔ "عام لوگ اپنی بڑائی میں جیتے ہیں مومن وہ ہے جو خدا کی بڑائی میں جینے لگے۔" ۔۔۔۔ "اچھے مزاج کی بہترین علامت یہ ہے کہ آدمی برے مزاج کو برداشت کرنے لگے۔" ۔۔۔۔ "معاملات میں مشورہ کیجیے مشورہ کرنا اپنے آپ کو نقصان سے بچانا ہے۔" ۔۔۔۔ "غلطی پر سرکشی کا اضافہ نہ کیجیے کیوں کہ خدا کے یہاں غلطی قابل معافی ہے مگر سرکشی قابل معافی نہیں۔" ۔۔۔۔ "حسد اور گھمنڈ جب آدمی کے اندر داخل ہوتے ہیں تو وہ عقل کو باہر کر دیتے ہیں۔" ۔۔۔۔ "دوسروں سے نہ لڑنے کے لیے اپنے آپ سے لڑنا پڑتا ہے۔" ۔۔۔۔ "اتحاد کیا ہے اختلاف کے باوجود متحد ہو کر رہنا۔" ۔۔۔۔ "جھوٹا انسان طاقت کے آگے جھکتا ہے سچا انسان وہ ہے جو دلیل کے آگے جھک جائے۔" ۔۔۔۔ "آدمی کے بے عیب ہونے کی سب سے بڑی پہچان یہ ہے کہ وہ دوسروں کے اندر عیب نہ تلاش کرتا ہو۔" ۔۔۔۔ "جو آدمی کل کے دن خدا کی پکڑ سے نہ ڈرتا ہو آپ آج بھی اس کے شر سے محفوظ نہیں رہ سکتے۔" ۔۔۔۔ "طاقت سے دشمن کے اوپر فتح پانا آدھی فتح ہے اور محبت سے دشمن کے اوپر فتح پانا پوری فتح۔"

Enter supporting content here

Lashkar Urdu and English news website

Urdu Newspaper